بنگلورو:17/جولائی(ایس او نیوز)وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کی طرف سے ایک جلسۂ عام میں آنسو بہانے کے معاملے پر سیاست رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔آج ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات کرشنا بائرے گوڈا نے وزیر اعلیٰ کی اس حرکت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کمار سوامی کو آنسو بہانے کی نوبت آئے اس کے لئے کانگریس ہرگز ذمہ دار نہیں ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کرشنا بائرے گوڈا نے کہاکہ کمار سوامی کو اس بات کا ملا ل ہوگا کہ اسمبلی انتخابات میں کافی محنت کے باوجود بھی ان کی پارٹی کو اتنی کامیابی نہیں مل پائی جس کی توقع وہ کررہے تھے۔ اسی بات کو لے کر اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے سیاست کی جارہی ہے جو درست نہیں ہے۔ ریاستی اسمبلی کے سابق اسپیکر کے بی کولیواڈ کے اس بیان پر کہ وزیراعلیٰ کمار سوامی کو رلانے کے لئے کانگریس کے بعض لیڈر خاص طور پر سابق وزیر اعلیٰ سدرامیا ذمہ دار ہیں کرشنا بائرے گوڈا نے جواب دیا کہ کس نکتۂ نظر سے کولیواڈ نے اس طرح کا بیان دیاہے وہ نہیں جانتے ، لیکن کولیواڈ کے اس بیان کا کانگریس سے کچھ سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیوں کا ہمیشہ سے یہی کام ہوتا ہے کہ حکومت کے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کرتے رہیں۔ لیکن ریاستی حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مفادات کے تحفظ کے تئیں اپنی ذمہ داریوں پر پابند رہیں۔ وزیراعلیٰ سمیت کابینہ کے سبھی وزراء ریاست بھر کا دورہ کرکے عوام کی مشکلات کو سمجھیں اور انہیں دور کرنے کے لئے بہتر انتظامیہ فراہم کریں۔